ادبستان اور تخلیقات کے مدیرِاعلیٰ رضاالحق صدیقی کا سفرنامہ،،دیکھا تیرا امریکہ،،بک کارنر،شو روم،بالمقابل اقبال لائبریری،بک سٹریٹ جہلم پاکستان نے شائع کی ہے،جسے bookcornershow room@gmail.comپر میل کر کے حاصل کیا جا سکتا ہے

تازہ تر ین


اردو کے پہلے لائیو ویب ٹی وی ،،ادبستان،،کے فیس بک پیج کو لائیک کر کے ادب کے فروغ میں ہماری مدد کریں۔ادبستان گذشتہ پانچ سال سے نشریات جاری رکھے ہوئے ہے۔https://www.facebook.com/adbistan


ADBISTAN TV

ہفتہ، 31 جنوری، 2015

مجھے شاعری سے عداوت نہیں ہے ۔۔ سبیلہ انعام صدیقی

سبیلہ انعام صدیقی
مجھے شاعری سے عداوت نہیں ہے 
مگر حد سے بڑھ کر محبت نہیں ہے 
جو قائد کے خوابوں کو تعبیر بخشے
ابھی ایسی کوئی حکو مت نہیں ہے
دکھاوے کی جتنی نمازیں پڑھیں ہیں
تسلی فقط ہے عبادت نہیں ہے
مری باتیں تم کو بری تو لگیں گی
مگر میرے دل میں کدورت نہیں ہے
جونظریں ہی تم نے بدل لیں ہیں مجھ سے
تو پھر ساتھ چلنا رفاقت نہیں ہے
اگر ہے گلہ ، تو وہ اتنا سا جاناں
تمھا رے بیا ں میں صدا قت نہیں ہے
نہ سمجھا نہ پرکھا نہ مجھ سے کہا کچھ
مرا پیار کوئی حماقت نہیں ہے
یہ دنیا تو ہے چار دن کا ہی میلہ
کہ گم اس میں رہنا شرا فت نہیں ہے
یہا ں ما ر تا ہے جو بھا ئی کو بھا ئ
یہ ہے ظلم، منشا ئے قدرت نہیں ہے
جو کرتے ہیں خود کش یہ حملے وہ سن لیں
یہ طرزِ عمل تو شہا دت نہیں ہے
خدایا تو ہم پر کرم خاص کردے
مسلماں میں اب وہ بصیرت نہیں ہے

پیر، 26 جنوری، 2015

لہو بول اٹھا ۔۔ امجد جاوید کی سانحہ پشاور کے پس منظر میں لکھی ہوئی کہانی


اس صبح میں ندیم کو دیکھ کرچونک گیا۔ دھند پھیلی ہوئی تھی،وہ کلاس روم سے باہر برآمدے کے ستون کے ساتھ لگا کھڑا تھا ، سردی سے بے نیاز نجانے کیاسوچ رہا تھا۔ میں اسے ایک نگاہ ہی دیکھ پایا تھا۔ میں اس کے قریب سے گذرا اور سٹاف روم کی جانب بڑھ گیا۔لیکن ندیم کا چہرہ میری نگاہوں سے نہیں ہٹ رہا تھا۔میں نے کبھی بھی اسے یوں سوگوار نہیں دیکھا تھا۔ اس کے چہرے پر ایک عجیب طرح کا تاثر تھا، جسے میں سمجھ نہیں نہیں پایا تھا اور اسی تاثر نے مجھے ندیم کے بارے میں سوچنے پر مجبور کر دیا تھا۔
ندیم میری کلاس کا سب سے زیادہ شرارتی بچہ تھا۔ وہ نویں کلاس میں تھا۔ لمباقد، مضبوط جسم، گندمی رنگ، تیکھے نقش، سیاہ بال، خاص طور پر ذہانت بھری آ نکھیں۔ میں تو اس سے تنگ تھا ہی ، میری طرح دوسرے اساتذہ بھی اس سے نالاں ہی رہتے تھے۔ جس دن اس کی شکایت نہ آتی، اس دن حیرت ہوتی ۔ کلاس پر اس نے رعب جمایا ہوا تھا اور مانیٹر بے چارہ اس سے ڈرتا رہتا تھا۔ لیکن۔! ان ساری باتوں کے باوجود ہم سبھی اساتذہ اسے نظر انداز کر دیا کرتے تھے۔ کیونکہ وہ شرارتی تو تھا لیکن بدتمیز نہیں تھا۔ شرارت اور بدتمیزی میں بڑا فرق ہوتا ہے۔ دوسرا اس کا شمار ذہین ترین طلبہ میں ہوتا تھا۔ میں بھی اور دوسرے اساتذہ بھی اسے ہمیشہ یہی تلقین کرتے کہ اگر وہ دل لگا کر پڑھے تو بہت زیادہ مارکس لے سکتا ہے۔ کتابوں پر اس کی توجہ کم اور دیگر کاموں پر اس کی توجہ زیادہ ہوتی تھی۔ وہ بہت اچھا کھلاڑی تھا۔ کچھ دنوں پہلے انٹر سکول ٹورنامنٹ میں اس نے کئی کھیلوں میں انعامات جیتے تھے۔ اس کے والد صاحب سے میری مسجد میں اکثر ملاقات رہتی تھی ۔ وہ ندیم کے بارے یہی خواب دیکھتے تھے کہ اسے ڈاکٹر بنائیں گے۔ وہ یہی کہتے تھے کہ وہ پوری توجہ پڑھائی کی طرف لگائے گا تو ہی ڈاکٹر بن سکے گا۔
ندیم کے چہرے پر ہمیشہ ایک خوشگوار مسکراہٹ رہتی تھی۔ اس کی ذہانت بھری آ نکھوں میں زندگی کی بھر پور چمک رہتی تھی۔ لیکن اس صبح جب میں نے اسے مر جھایا ہوا دیکھا، تو فطری طور پر میں چونک گیا کہ اسے کیا ہوا ہے؟
سکول بیل بج گئی۔اسمبلی شروع ہو گئی۔ ندیم اپنی کلاس کی قطار میں یوں کھڑا تھا، جیسے اسے اپنے ارد گرد کا ہوش نہ ہو۔تلاوت اور نعت جب پڑھی جا رہی تھی، وہ پورے جذب میں تھا۔ جیسے ایک ایک لفظ اپنے اندر اتار رہا ہو۔ اس کے بعد جب قومی ترانہ پڑھا جا نے لگا تو وہ ایک دم سے یوں سیدھا کھڑا ہوگیا ، اس کے اندر جوش اور جذبہ نجانے کہاں سے امنڈ آیا۔ میں نے خاص طور پر نوٹ کیا کہ سارے اسکول کے بچوں کے ساتھ وہ قومی روانہ پڑھ رہا تھا،لیکن اس کی نگاہیں لہراتے ہوئے سبز ہلالی پرچم پر تھیں۔ اور اس وقت تو میں بری طرح جھنجھلا گیا، جب ترانے کے آ خر میں اس کی آ نکھوں میں آنسو چمک رہے تھے۔ یہی وہ لمحہ تھا جب مجھے یقین ہو گیا کہ ندیم کے ساتھ کوئی معاملہ ضرور ہے۔ میرے ذہن میں بہت ساری باتیں گونجنے لگیں۔ کئی خیال آنے لگے کہ ممکن ہے اس کے والد صاحب نے ڈانٹا ہو یا ایسے ہی کئی خیال آتے چلے گئے۔ میں سوچتا رہا ۔ اسمبلی کے بعد بچے اپنی اپنی کلاسوں میں چلے گئے۔
میں کلاس روم میں گیا۔ حاضری لگانے کے بعد پڑھائی شروع ہوگئی۔ اس دوران بھی ندیم ایسے ہی رہا۔ اس کا سارا دھیان کتاب کی طرف تھا۔تبھی ایک دم سے مجھے خیال آیا کہ ممکن ہے یہ بھی اس کی کوئی نئی شرارت ہو۔ لیکن اگلے ہی لمحے یہ سوچ میرے دماغ سے نکل گئی۔ اس کی آنکھوں میں چمکتے ہوئے آنسوؤں نے اس سوچ کو ایک لمحہ سے بھی زیادہ دیر تک میرے دماغ میں نہیں رہنے دیا۔میں نے فیصلہ کر لیا کہ کلاس کے بعد ندیم سے بات کروں گا۔
کلاس تم ہوگئی تو میں نے اسے بلایا اور اپنے ساتھ چلنے کو کہا۔ وہ میرے ساتھ چلتا ہوا سٹاف روم میں آ گیا۔ میں نے الماری میں اپنا سامان رکھا اور اسے لیکر ایک خالی کمرے میں آ گیا۔ میں چند لمحے اس کے چہرے کی طرف دیکھتا رہا، پھر پوچھا
’’ ندیم ۔! کیا بات ہے، تم اس قدر مرجھائے ہوئے کیوں ہو؟‘‘
اس نے چونک کر میری جانب دیکھا،جیسے وہ کچھ کہنا چاہتا ہو۔ پھر میری طرف دیکھ کر بھرائے ہوئے لہجے میں بولا
’’ سر۔! کل آپ نے ٹی وی نہیں دیکھا، کوئی خبر نہیں سنی؟‘‘
تبھی شدید دکھ کی لہر نے مجھے جکڑ لیا۔ مجھے پشاور آرمی پبلک اسکول کے بدترین سانحے کا درد پھر سے جاگ اٹھا۔ ٹی وہ دیکھے گئے مناظر، پھول سے بچوں کو دہشت گردی کا شکار ہونے کی خبر نے ایک دفعہ تو جگر پاش پاش کرکے رکھ دیا۔ دل تھا کہ پھٹا جا رہا تھا۔ آنسو بے ساختہ آ نکھوں سے رواں تھے۔ میں ساری رات نہیں سو پایا تھا۔ مجھے یہی خیال آ تا رہا تھا کہ ان ماؤں کا حال اس وقت کیا ہے ، جن کے سامنے اس کے بچوں کا جسم خون آلود پڑا ہوگا۔ اپنے ہی جگر کے ٹکڑوں کو خون میں نہایا دیکھ کر والدین پر کیا گذری ہوگی۔ اگر اس سانحے میں میرا بچہ ہوتا تو میں کیا کر رہا ہوتا۔ مجھے یہی احساس ہونے لگا کہ وہ میرے بچے تھے۔ میرے وطن میں کھلنے والے وہ پھول تھے، جنہیں دنیا کی ذلیل ترین مخلوق نے دہشت گردی کا نشان ہ بنا کر مسل ڈالا۔ ان بچوں کا کیا قصور تھا؟ میں نے جو خود کو بڑی مشکل سے قابو کیا تھا، تاکہ اسکول کے بچوں کے سامنے میرے آ نسو نہ نکل پائیں، ندیم کے ایک سوال سے نجانے کب میری آ نکھوں سے آ نسو رواں ہو چکے تھے۔
’’ ہاں بیٹا۔! میں نے دیکھا۔‘‘ میں اتنا ہی کہہ پایا تو وہ درد انگیز لہجے میں بولا
’’ سر، وہ کیسے درندے ہوں گے ، جنہوں نے اتنی سفاکی سے ان بچوں پر گولیاں چلائیں۔ وہ انسان نہیں ہو سکتے ۔کسی بچے کی چیخ نے ان کا دل نہیں پھاڑا؟‘‘
’’ نہیں بیٹا۔ وہ انسان نہیں تھے۔ درندے تھے، سفاک درندے، وحشی، جن کا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔‘‘ میں نے خود پر قابو پاتے ہوئے کہا، پھر سر جھٹک کر پوچھا’’ کیا تم اسی وجہ سے افسردہ ہو؟‘‘
’’ سر ، میں افسردہ ہی نہیں، اور بہت کچھ سوچ چکا ہوں۔‘‘ وہ ایک عزم سے بولا
’’ کیاسوچ چکے ہو؟‘‘ میں نے تجسس سے پوچھا
’’ یہی کہ میں نے ان دہشت گرودں سے بدلہ لینا ہے۔‘‘ اس نے دانت پیستے ہوئے کہا
’’ بدلہ لینا ہے؟ تم نے ، کیا کروگے؟‘‘ میں نے ایک دم سے چونکتے ہوئے پوچھا
’’ ہاں سر، میں نے بدلہ لینا ہے۔‘‘ اس نے پھر اسی مضبوط لہجے میں جواب دیا
’’ کیسے۔ ابھی تو تم بہت چھوٹے سے لڑکے ہو، تم کیا کرو گے؟‘‘ میں نے پوچھا
’’ سر میں نے بہت سوچ کر یہ فیصلہ کیا ، کیسے ہوگا ، یہ بھی میں اب سمجھتا ہوں اور میں آج ہی سے بدلہ لینے کا آ غاز کر رہاہوں۔‘‘ اس نے یوں کہا ، وہ اب کسی کی بات بھی نہیں ماننا نہیں چاہ رہا ہو۔ میرے دماغ میں ایک دم سے کئی ایسے خیال گردش کرنے لگے ، جو بہت خطرناک بھی ہو سکتے تھے ۔تبھی میں نے تحمل سے پوچھا
’’ پھر بھی بیٹا، مجھے تو بتاؤ، شاید میں تمہاری مدد کر سکوں۔‘‘
’’ سر آپ تو ہماری بہت مدد کر رہے ہیں، میں ہی نادان تھا کہ سمجھ نہیں سکا تھا۔‘‘ اس نے کہا، پھر شاید اسے میرے چہرے پر پھیلی بے چارگی کر کہا،’’ سر فرض کریں یہی دہشت گعد میرے اسکول میں آ جاتے ، اور یہی کچھ کرتے تو کیا ہوتا۔ آج میرے کئی کلاس فیلو میرے ساتھ نہ ہوتے ، یا میں ان کے ساتھ نہ ہوتا۔ میرے والدین پر کیا گذرتی ۔ وہ باپ جو مجھے ڈاکٹر بنتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ کیا ہوتا ان سب کا؟میں جانتا ہوں کہ میں ابھی بہت چھوٹا ہوں ۔ میں گن لے کر انہیں مارنے کے لئے نہیں نکلوں گا۔‘‘
’’ تو پھر کیا کرنا چاہتے ہو؟‘‘ میں نے پوچھا
’’ میں اپنے فرض کو پہچان گیا ہوں سر، وقت آ گیا ہے کہ سبھی اپنے فرض کو پہچان جائیں۔ ایک طالب علم ہونے کے ناطے تمام فضولیات کو چھوڑ کر میرا پہلا فرض یہ ہے کہ میں پڑھوں۔ میرا علم حاصل کرنا ہی ، ان دہشت گردوں سے بدلہ لینا ہے ۔ وہ نہیں چاہتے کہ پاکستانی قوم پڑھے اور میں ان درندوں کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ ہم پڑھیں گے، اتنا پڑھیں گے کہ ان دہشت گردوں کی سوچ تک مار دیں گے۔‘‘ اس نے اس قدر پر عزم اور مضبوط لہجے میں کہا کہ میرا حوصلہ جوان ہو گیا۔
’’ وہ چاہتے ہیں کہ ہم ڈر جائیں، ہم نہیں ڈریں گے۔ یہی ہمارا ان سے بدلہ ہے۔ ہم انہیں ڈرائیں گے۔ اپنے ارد گرد ان لوگوں پر نظر رکھیں گے جو بے غیرت دہشت گردوں کو پناہ دیتے ہیں، یہاں تک کہ ان کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں۔‘‘
’’ بیٹا پہلی بات تو ٹھیک ہے ، لیکن جب تم ادھر ادھر دیکھو گے تو تمہاری توجہ بٹ جائے گی۔‘‘ میں نے کہا تو وہ بولا
’’ نہیں سر۔! جب میں پڑھوں گا ، اچھے مارکس لوں گا تو دہشت گردوں سے ہمددری رکھنے والے سہولت کار کسی کو آ لہ نہیں بنا پائیں گے۔ وہ ڈریں گے ہم سے۔‘‘
’’ یہ تمہارا بہت اچھا فیصلہ ہے کہ تم علم حاصل کرکے ان دہشت گردوں سے بدلو گے۔‘‘
’’ جی سر ، میں اپنی ساری صلاحتیں اپنے وطن کی ترقی اور اسے مضبوط بنانے پر لگاؤں گا تو بھی میں ان دہشت گردوں سے بدلہ لوں گا۔ جو نہیں چاہتے کہ میرا ملک پاکستان مضبوط ہو۔‘‘ اس نے پھر بے خوفی سے کہا ۔ تب مجھے احساس ہوا کہ یہ اتنی باتیں یہ بچہ سوچ سکتا ہے؟
’’ کیا یہ فیصلہ تم نے اکیلے ہی کیا ہے؟‘‘ میں نے پوچھا
’’رات میں نے اپنی امی سے بہت باتیں کیں۔ انہوں نے مجھے اپنی گود میں لے کر بہت پیار کیا تھا۔ میں ان کا پیار رائگاں نہیں جانے دوں گا۔ میں اب کسی ماں کو نہیں رونے دوں گا۔‘‘
’’ ہاں بیٹا۔! تم خوب پڑھو، لکھو اور باصلاحیت بن کر اپنے والدین اور اپنے ملکی کی تعمیر و ترقی میں لگ جاؤ ، یہی ان دہشت گردوں کی سفاکی کا جواب ہے ۔ ان کی گھٹیا اور گھناؤنی سوچ کو دفن کرنے کا زبردست بدلہ ہے۔‘تم اپنے والد صاحب کے خواب پورے کرو، وہ تمہیں داکٹر دیکھناچاہتے ہیں۔‘‘ میں نے اس کا ارادہ دیکھ کر بڑے حوصلے اور مان سے کہا
’’ نہیں سر۔! میں نے اب ڈاکٹر نہیں بننا؟‘‘ اس نے مسکراتے ہوئے کہا
’’ تو پھر کیا بننا ہے؟‘‘ میں نے تجسس سے پوچھا
’’ میں نے فوجی بننا ہے، آرمی آفیسر۔‘‘
’’ یہ کیوں؟‘‘ میں نے پوچھا
’’ میں نے ان دہشت گردوں سے بدلہ لینا ہے۔ اب کسی ماں کو نہیں رونے دینا ہے،اور سر ، یہ بات میرے ابو نے بھی مان لی ہے۔ اب آپ کو مجھ سے کبھی شکائیت نہیں ہوگی۔‘‘
وہ کہہ رہا تھا اور میرا حوصلہ بلند ہو رہا تھا۔ میں نئی نسل سے پر امید ہوگیا۔
’’ سر جاؤں؟‘‘ اس نے مجھ سے اجازت چاہی ،تو میں اسے سے ہلا کر جانے کی اجازت دے دی۔ اس بچے نے مجھے پھر سے جوان بنا دیا۔ یہ سانحہ جہاں پوری قوم کو یکجا کر گیا تھا، وہاں ایک نئی نسل تیار کر گیا۔ بے شک شہیدوں کا لہو اللہ پاک کے ہاں قبولیت رکھتا ہے ۔ اور میرے وطن کی بنیادوں میں شھیدوں کا خون ہے۔ جو اب بول اٹھا ہے۔
وہ آنسو، جو رات سے تھم نہیں رہے تھے، یوں لگا جیسے میری آ نکھوں میں حوصلے کی ٹھنڈک اتر آ ئی ہے۔ زخموں پر عزم کا مرہم رکھا گیا۔ میں ایک نئے ولولے اور عزم کے ساتھ کلاس روم کی جانب چل پڑا۔

جمعرات، 22 جنوری، 2015

مصروف پیار میں رہا اس کا فراغِ دل ۔۔ سبیلہ انعام صدیقی

سبیلہ انعام صدیقی
کس کو بتاتے کس سے چھپاتے سراغ ِ دل
چپ سادھ لی ہے ،زخم دکھایا نہ داغِ دل
کیسے کروں بیان غمِ جاں کی داستاں
اے کاش گل کھلائے کو ئی میرا با غ ِدل
گزرے ہماری زیست کے ایام اس طرح
لبریز آ نسو ؤ ں سے ہے گو یا ایا غ ِدل
جب راکھ بن گئے تو کہا یہ حریف نے
جل جل کے وہ جلاتے رہے ہیں چراغِ دل
جس سے ملے طویل زمانہ گزر گیا
شا ید اسی کے ذہن میں ہو کچھ سرا غ ِدل
چاہت کی اب تو کوئی بھی حسرت نہیں رہی
سرسبز اس کی یاد سے پھر بھی ہے باغِ دل
رکھتی نہیں سبیلہ کبھی عیب پر نظر
مصروف پیار میں رہا اس کا فراغِ دل

جمعہ، 16 جنوری، 2015

پانیوں میں موجہ ہاے مضطرِب کا جَل ترنگ ۔۔ ڈاکٹر سعادت سعید

ڈاکٹر سعادت سعید
رونقوں کے ساتھ غائب ہو گئے راحت کے رنگ
ساحلوں کی دھوپ پر رینگے دساور کے نہنگ
دور دیسوں کے یہ موذی ماس خوری میں سند 
ہم نشینوں سے بھی ان کی مستقل رہتی ہے جنگ
کوئی کن رس اِس قدر احمق نہیں سننے کو جائے 
پانیوں میں موجہ ہاے مضطرِب کا جَل ترنگ
طائروں کی ٹولیاں بھی سونگھ کر خطرے کی بو
تیرتی دیکھی نہیں ہیں خوش نما لہروں کے سنگ
نیل گوں بحروں کے حسنِ پُر فسوں کی خیر ہو 
لَوٹ کر آئیں گے اک دن زائرانِ شوخ و شَنگ
ساکنانِ ارض کو درکار ہیں ساکن بحور 
مستقل مدّ و جزر ہے ماہِ تاباں کی امنگ
ماہی گیروں کے مقابل مَوت رہتی ہے سدا 
اس سے سیکھے ہیں انہوں نے مچھلیوں کے رنگ ڈھنگ

جمعرات، 8 جنوری، 2015

میں کچھ ہٹ کر سوچ رہا ہوں ۔۔ سحرتاب رومانی

سحرتاب رومانی
تیرا پیکر سوچ رہا ہوں 
دلکش منظر سوچ رہا ہوں
جس کو یکسر بھول چکا تھا 
اس کو اکثر سوچ رہا ہوں
گھر سے باہر یاد نہیں تھا 
گھر میں آ کر سوچ رہا ہوں
تم یہ دنیا دیکھ رہے ہو 
اور میں محشر سوچ رہا ہوں
شہر_ گل میں تیز ہوا اور 
تتلی کے پر سوچ رہا ہوں
میرے گھر میں ایک دیا ہے 
ماہ و اختر سوچ رہا ہوں
میری خو ھے نرم مزاجی 
پھر بھی پتھر سوچ رہا ہوں
جانے کیسے ٹوٹ گیا پھر 
سارا لشکر سوچ رہا ہوں
قسمت میں تو خاک لکھی  ہے 
لعل و گوہر سوچ رہا ہوں
بھر دے اب تو جام مرا بھی 
خالی ساغر سوچ رہا ہوں
سارا کچھ ہےایک طرح کا 
میں کچھ ہٹ کر سوچ رہا ہوں

رابعہ بتول کے شعری مجموعےِ، سحر تک دیپ جلنا ہے،، پر ایم زیڈ کنول کا تبصرہ

محبت اوراُمیدکی شاعرہ۔رابعہ بتول
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
رابعہ بتول اردو شاعری کا وہ ستارا ہے جو میانوالی کے افق سے طلوع ہو کر چار دانگِ عالم  کو اپنی روشنی سے منور کر رہا ہے  وہ خامشی  کی زبان لئے، حیران آنکھوں اور ساگرِ دل میں برپا تلاطم لئے امید کے سفر پر گامزن ہے۔اس ایمانِ کامل کے ساتھ کہ وہ جو شجرِ بوسیدہ پہ بھی ثمرلگانے اور سیپ میں آبِ نیساں کو  گہربنانے پر قادر ہے،جو حسنِ عیاں بھی ہے اور سرِ نہاں بھی،وہ اس کی خوابوں کی شاخِ بریدہ  
کو سبز موسم  موسموں سے آشنا کرکے اس کے     گلِ رعنا میں نئی کونپلیں کھلا کے نئے موسموں  میں خوشبوؤں کے رنگ  ضرور بکھیرے گا۔وہ اپنے دلِ مضطر  کو بھی اس امر کا یقین دلاتے ہوئے کہتی ہے۔
دعائیں پر اثر ہوں گی،صدائیں باثمر ہوں گی
نہ گھبراؤ دلِ مضطر کہ آہیں کارگر ہوں گی
رابعہ محبت اور امید کی شاعرہ ہے۔ دینا میں پرپا ہوتی کشاکش، نفرتیں، استحصال اور سماجی نا انصافی کو اپنے چاروں اور دیکھتی ہے تو اس کا محبت بھرا دل  ایک لمحے کو مضمحل ہو جاتا ہے خود سے سوال کرتی ہے کہ رستے کہاں گم ہو گئے ہیں؟جذبوں کی خوشبو سے جو خواب گندھے تھے، اشکوں کی تابش سے جوامیدوں کے جگنو  دل میں چمکتے تھے، کچھ چاندنی جیسے دیئے جو پلکوں پہ لرزتے تھے، وہ سب کہاں گُم ہو گئے؟یہ  یقین و بے یقینی کا سفر  اُسے آزردہ کرتا ہے  لیکن وہ دوسرے لمحے ایقان کی مشعل دل میں جلائے اپنی روشن آنکھوں اور کشادہ پیشانی کو مزید کشادہ کرتے ہوئے دعوتِ یقین دیتے  ہوئے یوں کہتی ہے۔
آؤ تجدیدِ آرزو کر لیں 
غنچہ ء گل کی جستجو کر لیں 
اس اندھیرے میں دم نہ گھٹ جائے
نورِ امید چارسو کر لیں 
اُسے یقین ہے ہے کہ تمنا کے سفر میں یہ کشٹ  اکارت نہیں جائے گا۔وہ لمحہ  ضرور آئے گا  جب اندر کی دنیا کی گھٹن اپنا  آپ  مٹا کے  تمام صداؤں کو معتبر کر دے گی۔ ایقان  کا  سفر اس نے عبادت کی طرح کیا ہے۔ ایک طویل عرصہ خود کو حالتِ عبادت میں رکھا ہے، تب کہیں جا کر اسے یہ امید ہوئی ہے کہ  ظلمتیں ضرور مٹیں گی۔وہ دیو جانس قلبی کی طرح اپنے ہا تھوں میں دیپ اٹھائے ظلمتوں کو ہرانے چلی ہے۔ اس کے ہاتھوں، اس کی آنکھوں اور دل میں دیپ روشن ہے، اس آس کے ساتھ کیصبح تک یہ جلتا رہے گا۔ کوئی طوفان، کوئی جھکڑ اس کا راستہ نہیں روک سکتا۔وہ کہتی ہے۔
خوابوں کو کسی طور بکھرنے نہیں دینا
                          جاں بخش سہاروں کو تم مرنے نہیں دینا
سحر تک دیپ جلنا ہے ،،  رابعہ کی طباعت سے آشنائی کی پہلی منزل ہے۔ اس میں نظموں کا چمنستان بھی ہے اور غزلوں کا آشیاں بھی، حمد باری تعالیٰ کا آستان بھی  ہے اور نعتِ رسول مقبول ﷺ کا گلستان بھی، نسائی جذبوں کا بلیدان بھی ہے ۔ 
سمجھنا چاہتے ہو تم اگر عورت کی قسمت کو
تو دل کی آنکھ سے تکنا کبھی کیکٹس کے پھولوں کو
یہاں ررشتوں اور جذبوں کے ساتھ محبتوں کی کہکشاں بھی ہے جہاں، ہر پھول لطافت، رفعت اور محبت کا امین ہے۔اپنی نظم Necessary Evil میں کہتی ہے۔
کسی کے ساتھ چلنے کو 
رفاقت کہہ نہیں سکتے
محبت کہہ نہیں سکتے 
اس لئے نظم وہ جو خواب ہیں میں  وہ گلاب جیسے خواب اپنی آنکھوں میں بسانے کی آرزو لئے ہوئے کہتی ہے۔
کبھی خوشبوؤں کے لباس میں 
کبھی التجاؤں کی سانس میں 
کبھی منزلوں کی ہیں آس میں 
وہ خواب ہیں جو گلا ب سے۔۔ 
یہی خواب تو ہیں جو  یہ آس دلاتے ہیں کہ
سحر تک دیپ جلنا ہے
ایم زیڈ کنولؔ۔۔

جمعرات، 1 جنوری، 2015

د عا ھے سا ل نو ، ہم سب کی امید و ں کو بر لا ئے ۔۔ انور زاہدی

انور زاہدی
  
 بہت سے ز خم ہیں تا ز ہ ا بھی
  یا د و ں کے ا س د ل میں
 ہو ا یخ بستہ ھے
 ا و ر بے ا ما ں مو سم
 ا بھی کچھ بھی نہیں ممکن
 کر یں کیا۔۔۔۔۔؟
   بس پرا نی یا د کے ز خموں کو چا ٹیں
 یا علا ج غم میں ر و ئیں ہم
 منا سب ھے یہی کہ سا ر ی یا د و ں کو
 ر کھیں د ل کے نہا ں خا نوں میں
 ۔پئیں سب آ نسو و ں کو مسکر ا کے
 ا و ر نئے ا ک عز م کو لے کر
 کہیں خو ش آ مد ید ا ے سا ل نو
 ا صو ل ز ند گی یہ ھے
 یہی منطق ھے ہستی کی
  نہیں تھے مختلف کچھ ر و ز و شب
 سقر ا ط ا و ر بقر ا ط کے با ہم
 گز ر تے تھے یہ د ن یو نہی
 یو نہی شب ر و ز کٹتے تھے
 گز ر تے ہیں یو نہی یہ ر و ز و شب ا ب بھی
 بر س آ تے ہیں جا تے ہیں
 د عا ھے آ نے و ا لا سا ل
 ۔ہم سب کے لئے
 خو شیا ں بکھیر ے
 ہو ا من کا سا ئیبا ں 
 ا و ر ر حمتیں لا ئے
  پُر ا نی رنجشیں نا بُو د ہو ں
 سر شا ر ہو ہر د ل
  محبت کے شگو فو ں سے
 د عا ھے سا ل نو
 ہم سب کی امید و ں کو بر لا ئے۔