ضامنِ دینِ ہُدیٰ ہے کربلا
حجّتِ آلِ عبا ہے کربلا
ظلمتوں میں ہے حوالہ نور کا
غمزدوں کا حوصلہ ہے کربلا
داستانِ عظمتِ شبیرؓ ہے
قصّۂ اہلِ صفا ہے کربلا
معرکہ ہے درمیانِ خیر و شر
دل سے دل کا فاصلہ ہے کربلا
ہے شہیدوں کے لہو کی یادگار
خاک و خوں کا سلسلہ ہے کربلا
دیں کی اک پیہم روایت تا ابد
ایک زندہ معجزہ ہے کربلا
ایک عشرے پر نہیں موقوف یہ
مستقل جگ میں بپا ہے کربلا
دردِ اہلِ بیت سے لبریز ہے
دل مرا یکسر ہوا ہے کربلا
معرکے جتنے ہوئے تاریخ میں
با خدا سب سے جدا ہے کربلا
دل دہل جاتا ہے ارشد سوچ کر
ایک ایسا سانحہ ہے کربلا
جزاک اللہ ....عمدہ
جواب دیںحذف کریں