ناز بٹ |
اے صبا اب اڑا مجھ کو سوئے حرم
پھر سے دیکھوں میں شہر ِ رسول ِ اُمم
شہر ِ عظمت کو کھنچنے لگا میرا دل
خوشبو ئے شوق ہو جا مری ہم قدم
میری ہر سانس ہو وقف ِ ذکر ِ نبی
ہو اسی سے مرے روز و شب کا بھرم
عشق جس دل میں سرکار کا بس گیا
کب رہے پھر بھلا اس میں دنیا کے غم
گنبد ِ سبز کی یاد آئی جہاں
مٹ گئے ہیں وہیں سارے رنج و الم
اے شہہ ِ دوسرا خاتم المُرسلاں
آپ کے دم سے قائم رہے میرا دم
حبس حد سے بڑھا آپ یاد آ گئے
کُھل کے برسا مرے سر پہ ابر ِ کرم
میری بخشش کا سامان ہو جائے ناز
ہو جو مدح ِ نبی میں رواں یہ قلم
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں