مکانِ خاک کا اب انہدام ہو گیا ہے
مکیں کا جتنا لکھا تھا قیام ہو گیا ہے
روانگی میں کوئی ردّ و کد نہیں باقی
پیامِ رخصت و حرفِ سلام ہو گیا ہے
نگہ خموش ہوئی ہاتھ کی گرفت نہیں
حیات دیکھ ترا اختتام ہو گیا ہے
وہ گرم جوش بدن ہے نہ اب بغل گیری
بچھڑنے ملنے کا قصہ تمام ہو گیا ہے
گلی میں چھوڑ کے عشّاق منتظر اپنے
وہ لا پتا پسِ دیوار و بام ہو گیا ہے
یہ سامعین کہ بیٹھے یہاں ہیں وہ ناطق
کسی سے اور کہیں ہمکلام ہو گیا ہے
خبر یہی ہے کہ اسکی نئی رہائش کا
بہشت میں کسی جا انتظام ہو گیا ہے
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں